مورنگا عام طور پر “ڈرم اسٹک ٹری” کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہ دنیا بھر میں اپنی قدرتی خوبیوں اور صحت کے بے شمار فوائد کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہ درخت جنوبی ایشیا کے مختلف حصوں، خاص طور پر پاکستان، بھارت اور افغانستان میں پایا جاتا ہے۔
مورنگا کے پتوں، پھولوں، بیجوں اور جڑوں کو مختلف طریقوں سے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس کے پتوں کا پاؤڈر صحت مند مشروبات اور سپلیمنٹس میں شامل کیا جاتا ہے. جو توانائی بڑھاتا ہے، قوت مدافعت کو مضبوط کرتا ہے اور مجموعی صحت کو بہتر بناتا ہے۔
صحت پر مزید آرٹیکل پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
مورنگا کے فوائد
مورنگا کے پتوں میں وٹامن اے، سی، ای، کیلشیم، پوٹاشیم، اور پروٹین کی وافر مقدار پائی جاتی ہے۔ یہ غذائی اجزاء جسم کو ضروری توانائی فراہم کرتے ہیں اور جسمانی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔
مورنگا کے پتوں میں اینٹی آکسیڈنٹس کی بڑی مقدار پائی جاتی ہے جو جسم کو مضر ریڈیکلز سے بچاتے ہیں۔ یہ اجزاء عمر بڑھنے کے عمل کو سست کرتے ہیں اور جسم کو مختلف بیماریوں سے بچانے میں بھی مدد دیتے ہیں۔
مورنگا کے پتے اور اس کا تیل سوزش کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ یہ جسم میں سوزش پیدا کرنے والے عناصر کو روکتا ہے اور جوڑوں کے درد، ہڈیوں کی سوزش اور دیگر مسائل میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
مورنگا کا تیل جلد کے مسائل کو حل کرنے میں مؤثر ہے۔ اس کے استعمال سے جلد نرم اور ملائم ہوتی ہے، جبکہ مہاسے اور دانوں سے بچنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
مورنگا کے پتوں کو ہاضمہ بہتر بنانے کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ یہ قبض، گیس اور ہاضمے کے دیگر مسائل کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
مورنگا کے پتوں کا استعمال بلڈ شوگر کی سطح کو متوازن رکھنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے، جس سے ذیابیطس کے مریضوں کو فائدہ پہنچتا ہے۔